بھدرواہ //ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقہ میں جنگل میں زبردست آگ لگنے سے سینکڑوں کیل کے درخت جل کر راکھ ہوگئے۔سرکاری عہدیداروںنے بتایا کہ ہفتے کے روز کیلر رینج کے گھورکا بلاک میں آگ لگی اور اس نے مالنا گاؤں سے پرانو تک تین کلو میٹر کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آگ اب بھی بھڑک اٹھی ہے اور آگ کے شعلوں کوبجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم مقامی رضا کاروں نے الزام لگایا کہ محکمہ جنگلات جنگل میں لگی آگ بجھانے میں ناکام رہا ، جس سے مختلف جھاڑیوں اور جڑی بوٹیوں کے علاوہ سینکڑوں کیل کے درختوں اور جوان پودوں کو بھی کافی تباہی ہوئی۔ بھدرواہ ڈویژنل فارسٹ آفیسر چندر شیکر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایک پارٹی کا م پر لگادی گئی ہے اور اس نے بڑی حد تک آگ پر قابو پالیا ہے۔ تاہم فارسٹ پروٹیکشن فورس کے فیلڈ اسٹاف کے ایک عہدیدار نے بتایا "آگ جنگل کے ایک بڑے علاقے میں پھیل گئی ہے اور ہم اس پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں"۔ انہوں نے کہا "تین کلومیٹر کے علاقے میں پھیلی آگ کوبجھانا صرف تین افراد کے لئے عملی طور پر ناممکن ہے"۔عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے کمک کے لئے اپنے اعلی افسران کو متعدد فون کیا لیکن کوئی بھی ابتک نہیںآیا۔ انہوں نے آگ بجھانے کے لئے مقامی رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا۔