پونچھ//مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقے میں عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان لگاتارجاری تصادم کے چلتے وادی کشمیر اور دیگر علاقوں کی ڈھوکوں سے واپس آنے والے خانہ بدوش گوجر بکروال طبقہ کے کئی کنبے جنگلوں میں درماندہ ہو کررہ گئے ہیں ۔جڑانوالی گلی تا بھمبر گلی جنگلا ت سے ہو کر گزرنے والے ان کنبوں کو شدید مشکلا ت درپیش ہیں جبکہ اب موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ان کی دقتیں مزید بڑھ گئی ہیں ۔درماندہ بکروالوں نے بتایا کہ وہ اپنی بھیڑ بکریوں کے ریوڑ کے ساتھ سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے ان کو کئی طرح کی پریشانیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاٹہ دھوڑیاں میں ہو رہے تصادم کی وجہ سے ان کو جانوروں کے ساتھ آگے جانے کی اجازت نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ پچھلے کئی روز سے اپنے جانوروں کو لے کر درماندہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جانوروں کے لئے چارہ دستیاب نہیں ہو رہا ہے نہ ہی ان کے پاس اب اپنے کھانے پینے کے لئے ساز وسامان ہے ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور پولیس سے فوری طور پر اقدام کرکے ان کےلئے راستے کھولنے کی اپیل کی ہے۔