جموں //حکام نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں 3,195 پنچایتوں کو انٹرنیٹ سہولیات فراہم کی جائے گی۔ جموں و کشمیر میں بنیادی سطح پر ای-گورننس کو شروع کرنے کیلئے انتظامیہ بھارت براڈ بینڈ سکیم (بی بی ایس) کے تحت 3,195 اضافی گرام پنچایتوں کو انٹرنیٹ کی سہولیت فراہم کرے گی۔ چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا نے جمعرات کو جموں و کشمیر میں بھارت نیٹ اسکیم کے نفاذ سے متعلق پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی جس میں دیہی علاقوں میں بھارت براڈ بینڈ اسکیم کے نفاذ کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکریٹری کو بتایا گیا کہ 408گرام پنچایتوں اور 14بلاک ہیڈ کوارٹرز کو آپٹیکل فائبر کیبل کے ذریعے انٹرنیٹ کنکشن فراہم کیا گیا ہے جبکہ 658 گرام پنچایتوں کو انٹرنیٹ کیلئے VSAT کے ذریعے سروس دی گئی ہے جبکہ متعلقہ افسران نے انہیں بتایا کہ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں 3,195 اضافی گرام پنچایتوں کو انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔اس دوران دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل سروس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے چیف سیکریٹری نے دیہی ترقی کے محکمہ (RDD) کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے زور دیا کہ نیٹ سروس کو فعال بنا یا جائے تاکہ گرام پنچایتیں صحیح طریقے سے کام کریں تاکہ ان کا استعمال یوتھ کلبوں، آنگن واڑی مراکز اور دیگر اہم عوامی شعبوں کو مرکز کے ساتھ جوڑا جا سکے۔