جموں //نیشنل پنتھرز پارٹی نے مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ ریاست میں اپنے سابقہ ممبران اسمبلی کے اثاثوں کی جانچ کروائے ۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این پی پی کے صوبائی صدر راگیش پڈگوترہ نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات 2014کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام کےساتھ وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کی صورت میں پورے نظام کو رشوت اور بد عنوانی سے پاک کرینگے لیکن اس کے برعکس ریاست میں پارٹی کے کئی ایک لیڈران کے اثاثوں کی تعداد ودگنی ہوچکی ہے جبکہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پارٹی کے کئی ایک لیڈران کے اثاثوں کو لے کر میڈیا میں رپورٹیں شائع ہو رہی ہیں ۔موصوف نے کہاکہ عوامی حلقوں کی جانب سے بھاجپا کے سابقہ ممبراسمبلی رام نگر کےخلاف رشوت خوری اور بد عنوانی کے کئی معاملات سامنے آئے ہیںالیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھا یا گیا ۔پنتھر ز پارٹی کے صوبائی صدر نے کہاکہ بھاجپا کے سابقہ ممبر اسمبلی کے رشوت میں ملوث ہونے کے ثبوت اور ویڈیو ہونے کے باوجود بھی ریاستی و مرکزی انتظامیہ کاروائی کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔موصوف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اسمبلی انتخابات 2014کے دوران بھاجپا لیڈر نے عوامی ریلیوں میں کہا تھا کہ ان کے پاس صرف 15ہزار روپے ہیں لیکن پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد ان کے اثاثوں کی تعداد کئی زیادہ ہوچکی ہے ۔این پی پی لیڈر نے مرکزی حکومت اور ریاستی گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھاجپا کے سابقہ ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کے اثاثوں کی جانچ کرواکے سچائی کو عوام کے سامنے لائے ۔