پونچھ//گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن نے بڈھا امرناتھ یاترا کے دوران انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات اور پونچھ کے لوگوں کے بھائی چارے کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ پونچھ میں بھائی چارے کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کے صدر چوہدری محمد اسد نعمانی نے کہا کہ وہ پونچھ کی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جنہوں نے بڈھا امرناتھ یاترا کے دوران مل کر تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔اسد نعمانی نے کہا کہ پونچھ کے ہندو،مسلم،سکھ اس بات کے لئے مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے پونچھ سے پیار اور محبت کا جو پیغام دیا اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ یہ پونچھ کی روایت رہی ہے اور صدیوں سے یہاں کا بھائی چارہ قائم ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ساتھ یاترا کمیٹی کے اراکین کا بھی یہ شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنا کردار بخوبی نبھایا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے بھرپور انتظامات کئے ہوئے تھے اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے تھے جس کے لئے انتظامیہ بھی مبارک باد کی مستحق ہے۔ اسد نعمانی نے کہا کہ خاص کر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی سربراہی میں پولیس اہلکاروں نے اپنے فرائض بخوبی انجام دئے ۔انہوںنے ایس ایس پی راجیو پانڈے،ڈی ایس پی شاہد نعیم ،ڈی ایس پی موہن شرما ،ڈی ایس پی ایس او جی ،ایس ایچ او امین کھٹانہ سمیت تمام آفیسران کی سراہنا کی ہے ۔