بڈگام// بڈگام میں اپریل کے بعد سے کوروناوائرس انفیکشین کے 14,299 مثبت معاملات میں سے اَب تک قریب 14,136 مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ کووِڈ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس وقت ضلع میں 276 کووِڈ مثبت معاملات سرگرم ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ صحتیابی کی شرح کے ساتھ ساتھ مثبت معاملات کی شرح میں بھی کمی آرہی ہے ۔ مثبت معاملات کی شرح اَب ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ویکسی نیشن کے کی صورتحال کے بارے میں ڈی سی نے کہا کہ 45 برس یا اس سے زائد عمر کے اَفراد کی تقریبا ً84فیصد آبادی کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ہم اُمید کرتے ہیں کہ آئندہ چند روز میں صدفیصد ہدف حاصل کیا جائے گا۔اُنہوں نے مزید کہاکہ اِنتظامیہ نے پابندیوں میں آسانی پیدا کی ہے اور ساتھ سنیچروار اور ایتوار کو چھوڑ کر ہفتے میں پانچ دن تک تمام کاروباری سرگرمیوں کی اِجازت دی گئی ہے۔اِنتظامیہ نے کنٹین منٹ کے اِقدامات کو کم نہیں کیا ہے ۔مشاہدے میں آیا ہے کہ کچھ لوگ ایس او پیز کی دیگر ہدایات پر سختی سے عمل نہیں کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ماسک نہ پہننے اور معاشرتی فاصلے کو برقرار نہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اُنہوں نے لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ تمام مناسب کووِڈ کنٹین منٹ اِقدامات پر عمل کریں۔اُنہوں نے مزیدک ہا کہ کووِڈ ۔19رہنما اَصولوں اور ایس او پیز پر من و عن سختی سے عمل کریں۔