جموں//جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے راجیو نگر کے واٹر سپلائی سکیم میں بہتر ی لانے کے کام کا آغاز کیا جس کے تحت 2.84لاکھ روپے کی لاگت سے 450میٹر پائیپ لائنیں بچھائی جائیں گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی ، بجلی اور سڑک رابطے جیسی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر انہیں بتایاگیا کہ حلقہ انتخاب گاندھی نگر کے 842کلومیٹر سڑک میں سے 600کلومیٹر سڑکوں پر اَپ گریڈیشن / تعمیری کام مکمل کیا گیا ہے ۔انہیں بتایاگیا کہ بٹالا اور بٹھنڈی علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے مرکزی حکومت نے 18کروڑ روپے کی رقم منظور کی ہے۔کویندر گپتا نے کہا کہ لوگوں کے مطالبات جن میں ڈرنیج نظام ، مناسب پینے کے پانی کی سہولیت ، قبرستان کی تعمیر، سنٹیشن ،نالوں کی تعمیر شامل ہیں میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔سپیکر نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ حکومت کی طرف سے چلائے جارہے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں میں بھرپور حصہ لیں اور اپنا تعاون فراہم کریںتاکہ حکومت کی طرف سے خرچ کئے جارہے رقومات کا صحیح مصرف یقینی بنایا جاسکے اور ان سکیموں کا فائدہ عام لوگوں کو پہنچے ۔