جموں //عوام کو امراض قلب کی علامتوں کے متعلق جانکاری دینے سے اور اس مرض میں مبتلا لوگوں کی زندگی بچانے کیلئے ایمر جنسی مدد طلب کرنے کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ماہر امراض قلب ڈاکٹر سوشیل شرما نے با با دیوان مندر ،آر ایس پورہ جموں میں سابقہ ڈائریکٹر پنجاب کیسری سودیش چوپڑہ کی چوتھی برسی کے یاد میں منعقدہ امراض قلب کے بیداری کیمپ میں کہا کہ لوگوں کو اس بیماری سے متعلق بیداری پیدا کرنے سے اس بیماری سے لوگوں کو بچایا جا سکتا ہے۔بیداری کیمپ کا افتتاح صوبائی کمشنر سنجیو ورما نے ڈاکٹر سوشیل اور پنجاب کیسری گروپ کے اہم ممبروں کے ہمراہ منایا ۔کیمپ میں 300سے زائد لوگوں کا طبی معاینہ کیا گیا اور ضرورتمندوں کو مفت ادویات بھی فراہم کئے گئے۔لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سوشیل نے بتایا کہ دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ امراض قلب ہے لیکن بیشتر لوگ اس بیماری سے نا واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عام طور سے یہ سمجھتے ہیں کہ بیشتر لوگوں خصوصاً نوجوانوں کو دل کا دورہ نہیں پڑ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھ کر اور ڈاکٹروں کی دستیابی ،مقامی لوگوں کی رسائی و دیگر سماجی پریشانیوں کو دیکھ کر ہر ایک کی طبی جانچ کرنا اور ہر ایک فرد کو CVDs کے موجود ہونے سے متعلق صلاح دینا نا ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مرحلہ پر سماج کے تعلیم یافتہ لوگوں کو اس میں ایک اہم رول نبھانا ہوگا۔انہوں نے کہا اس بیماری سے بچنے کیلئے اپنے بلڈ پریشر کے بارے میں جانکاری رکھنا ، ذیابطیس کو قابو میں کرنا اور وقت پر ادویات لینا ضروری ہے۔پنجاب کیسری گروپ منیجمنٹ کمیٹی کے بلرام سینی، مکیش رینہ اورراجیش بٹو نے ڈاکٹر سوشیل کے بے لوث خدمات کی ستائش کی اور اس توقع کی اظہار کیا کہ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔کیمپ میں ڈاکٹر دنیشور کپور اور ڈاکٹر سعید روحیلہ نے بھی شرکت کی۔ کیمپ میں جن نیم طبی عملہ و رضاکاروں نے شرکت کی ،اُن میں راگھو راجپوت، گورو ہیرا، وکاس کمار، گورو شرما ،امن دیپ سنگھ ، ہرویندر سنگھ ، راجندر سنگھ ، سریش رینہ و دیگران شامل تھے۔