منڈی//آئے روز محکمہ تعلیم تعلیمی معیار بہتر بنانے کے دعوے کرتا رہتاہے مگر ہائر سکنڈری سکول بوائز منڈی نے اس وقت محکمہ کے بے سراب دعوئوں کی پول کھول کر رکھے دی جب منڈی بازار میں سکولی طلباء کو سر بازار دیکھا گیا۔ اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے سول سوسائٹی کے ارکان نے سکول پرنسپل سے جب ملاقات کی تو پرنسپل نے کہا کہ سکول میں مختلف مضامین پڑھانے والے اساتذہ کی اسامیاں کافی عرصہ سے خالی پڑی ہیں اور سکول کی عمارت چاروں طرف سے کھلی ہے جس کی وجہ سے بچے سکول سے باہر نکل جاتے ہیں۔80 کی دہائی میں تحصیل منڈی کے اس واحد سکول کو ہائر سکنڈری سکول کا درجہ دیا گیا تھا جو اس تعلیمی ترقی یافتہ دور میں بھی ان تمام تر سہولیات سے محروم ہے ۔جو سہولیات ایک ہائر سکنڈری سکول میں ہونی چاہئیں،وہ یہاں دستیاب نہیں۔ سکول محض 8 کمروں پرمشتمل ہے جبکہ سکول میں سات سو سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں جن کا مستقبل تاریک بناہواہے ۔سول سوسائٹی منڈی کے صدر غلام عباس نے اس حوالے سے کشمیرعظمی ٰسے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول کا تعلیمی نظام درہم برہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئے روز گورنمنٹ سکولوں کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے دعوے کرتی رہتی ہے مگر ہائر سکنڈری سکول منڈی کا تعلیمی نظام اسقدر مخدوش ہو چکا ہے کہ اکثر اس سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو بازاروں میں دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان کی قیادت میں سول سوسائٹی کا ایک وفد سکول کے پرنسپل سے بھی ملاقی ہوا جس دوران پرنسپل نے ان سے کہا کہ لیکچراروں کی کمی ہے اور سکول میں بچوں کو بیٹھنے کے لئے جگہ بھی نہیں ۔ وفد میں شامل امیر دین ہمدانی، شفیع شیخ ،حاجی محمد اشرف، عبدالاحد بٹ ،محمد فرید اور محمد لطیف نے پرنسپل موصوف کو سکول کے تعلیمی معیار میں بہتری لانے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا ۔سیول سوسائٹی کے ممبران نے کہا کہ سی ای او پونچھ اگر چہ ایماندار شخصیت کے حامل ہیں مگر انہوں نے ضلع پونچھ کے تعلیمی معیار کو بہت نیچے گرا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بوائز ہائر سکنڈری سکول منڈی میں سائنس مضامین کی تمام اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ آرٹس میں صرف اردو ،ایجوکیشن اور فارسی کے ہی لیکچرار تعینات ہیں ۔سیول سوسائٹی کے ممبران نے محکمہ تعلیم کے وزیر محمد الطاف بخاری سے اپیل کی ہے کہ تحصیل منڈی کے اس قدیم ہائر سکنڈری سکول کے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ یہاں کے طلباء کو اپنی قابلیت دکھانے کا موقعہ مل سکے ۔