جموں// پردیش کانگرس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری شاہ نواز چوہدری اور راجیو گاندھی پنچائت راج سنگھٹن کے سٹیٹ کنویئنر کی سربراہی میںراجیو گاندھی پنچائت راج سنگھٹن کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ جموں صوبہ کے کنوینراور کو کنوینر ایڈوکیٹ پنکج بسوترااور پرم جیت سنگھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔اس کے علاوہ صوبہ جموں کے سبھی کنوینرز نے بھی شرکت کی۔ میڈیا اشخاص سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نواز نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہم نے صوبہ جموں کے سبھی اضلاع کا دورہ کیا اور سرپنچوں اور پنچوں کے ساتھ بات چیت کے دوران 73ویں ترمیم کے بارے میں ان کا رد عمل جاننے کی کوشش کی۔اس دوران سر پنچوں اور پنچوں کی اکثریت نے حکومت کے فیصلے کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی پنچایت راج سنگھٹن نے حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔حکومت کے اس فیصلے کے تحت سرپنچوں کے بلاواسطہ انتخابات کرانے ہیں جو کہ بنیادی سطح جمہوریت کا قتل ہے۔انہوں نے سرپنچوں ، پنچوں اور ریاست کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ راجیو گاندھی پنچائت راج سنگھٹن کی اس تحریک کو پروان چڑھانے کے لئے اپنا دست تعاون پیش کریں۔