محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ شہر کے بس اسٹینڈ علاقے میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی پارکنگ کے مسئلے پر عوان شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا کہ غیر مجاز پارکنگ کے باعث روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جس سے مسافروں، دکانداروں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سماجی کارکن ڈاکٹر سکھویندر سنگھ نے اس سلسلہ میں بات کرتے کہا کہ بس اسٹینڈ کے اطراف سڑکوں پر بے ترتیب اور غیر قانونی طور پر گاڑیاں کھڑی کئے جانے کے سبب نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والے افراد کے لئے بھی خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصروف اوقات کے دوران صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور بسوں سمیت دیگر گاڑیوں کو گزرنے میں شدید دشواری پیش آتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ ایسی صورتحال میں ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے راستہ بنانا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حوالے سے مقامی دکانداروں اور مکینوںکی جانب سے کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو شکایات بھی درج کروائی گئی ہیں، تاہم اب تک اس معاملے میں کوئی مؤثر اور سخت کارروائی سامنے نہیں آئی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بس اسٹینڈ کے اطراف غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کو ہٹایا جائے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ علاقے میں واضح پارکنگ سائن بورڈز نصب کئے جائیں اور مصروف اوقات میں ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے عوامی تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ مقامات پر ہی کھڑی کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مسئلے پر بروقت اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو وہ عوامی بیداری کیلئے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے تاکہ شہریوں کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔