سرینگر+سوپور//سرینگر کے بر بر شاہ علاقے میں سی آر پی ایف کے ایک بنکر کو نشانہ بنانے کی غرض سے مشتبہ جنگجوﺅں نے گرینیڈ پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک غیر ریاستی خاتون سمیت 4شہری زخمی ہوئے، جن میں سے بعد میں ایک مقامی دکاندار صدر اسپتال میں دیر رات گئے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔۔ادھر ہائیگام سوپور میں پولیس پارٹی پر پیٹرول بم پھینکا گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ مسلح جنگجوﺅںنے بر بر شاہ چوک کے نزدیک سی آر پی ایف کے ایک بنکر کو نشانہ بنانے کی غرض سے پہلے پستول فائر کئے اور ساتھ ہی فورسز کو نشانہ بنانے کے غرض سے ہتھ گولہ پھینکا جو نشانہ چوک کر سڑک پر زو ردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔ عین شاہدین کے مطابق گرینیڈ کے آہنی ریزوں سے ایک خاتون سمیت 4شہری زخمی ہوئے جن میں ایک دکاندار کو شدید چوٹیں آئیں۔زخمیوں کی شناخت شکیلہ بانو ساکن اتر پردیش،ہلال احمد ساکن الہی باغ ،مدثر احمد دکاندارساکن حاجی گنڈ بیروہ حال بربر شاہ اورشاہد نذیر ساکن رعناواری شامل ہیں۔ان چاروں کو صدر اسپتال لیا گیا جہاں انکا علاج معالجہ کیا گیا۔ دکاندار مدثر احمد کی حالت تشویشناک بنی رہی اور رات قریب 10بجے انکی موت واقع ہوئی۔ادھردھماکے کے ساتھ ہی یہاں افرا تفری مچ گئی اور لوگ بھاگ گئے۔اسکے فوراً بعد پہلے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا اور ساتھ ہی علاقے میں تلاشیاں لی گئیں۔ادھرچند کوٹ ہائیگام سوپور میں مشتبہ افراد نے پولیس پارٹی پر پیٹرول بم نما کوئی چیز پھینکی جو سڑک پر پھٹ گئی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔
سڈکو انڈسٹریل اسٹیٹ میں تلاشیاں
شاہد ٹاک
شوپیان // سڈکو انڈسٹریل اسٹیٹ لاسی پورہ پلوامہ کا سنیچر کو دن بھر قریب 7گھنٹوں تک محاصرہ کیا گیا اور صنعتی یونٹوںکی باریک بینی سے تلاشیاں لی گئیں۔قابل غور بات یہ ہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹ احاطے میں ہی 44آر آر کا ہیڈ کوارٹر موجود ہے۔صبح کے وقت صنعتی یونٹوں کے احاطے میں موجود 44آر آر ہیڈکوارٹر سے منسلک فوجی جوانوں نے پورے انڈسٹریل ائریا کو محاصرے میں لیا اور قریب 300صنعتی یونٹوں کو دن بھر کھنگالا۔صنعتی یونٹوں کی ہر طرح تلاشی لی گئی لیکن کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔تلاشی آپریشن کی وجہ سے انڈسٹریل ائریا میں دن بھر کام کاج متاثر رہا۔