تھنہ منڈی// وادی میں برہان وانی کی دوسری برسی کے پیش نظر مغل روڈ پر ٹریفک کو معطل رکھاگیا جبکہ اس دوران سینکڑوں مسافر گاڑیاں درماندہ رہیں۔ 8 جولائی کو وادی کشمیر میں برہان وانی کی برسی کے موقعہ پر ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس کو دیکھتے ہوئے مغل روڈ پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کو اجازت نہیں دی گئی۔ اس دوران راجوری میں قائم با با غلام شاہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلباء و طالبات،شاہدرہ شریف زیارت کے زائرین اور مریضوں کو کافی مشکلات برداشت کرنا پڑیں۔ دن بھر درماندہ رہنے والے مسافروں نے ریاستی انتظامیہ کے خلاف ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ انہیں بلاوجہ پریشان کیاگیا۔اس دوان مسافروں کو اتوار شام تک خضر پل کے نزدیک روکے رکھاگیاجس کے بعدشام پانچ بجے سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری،ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر ڈارموقعہ پر پہنچے اور انہوں نے وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو آگے جانے کی اجازت دی۔ایس ڈی ایم نے بتایاکہ امرناتھ یاتریوں کوبراستہ مغل روڈ سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی چونکہ ان یاتریوں کے لئے جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ براستہ بانہال سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔