سرینگر// انتظامیہ نے موسم سرما کے دوران سڑکوں کو نقصان پہنچائے بغیر برف ہٹانے کیلئے زیادہ سے زیادہ دیکھ ریکھ کیلئے معیاری عملیاتی طریقہ کار اور اقدامات اٹھانے کی تجویز دینے کیلئے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے پرنسپل سیکریٹری کی سربراہی میں8رکنی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کو30اکتوبر تک اپنی سفارشی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وادی اور پیر پنچال کے علاوہ خطہ چناب میں موسم سرما میں برفباری کے دوران سڑکوں اور شاہرائوں سے برف ہٹانے کے دوران سڑکوں کو نقصان پہنچنے کے تناظر میں امسال حکومت نے پیشگی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ لیا ہے۔ سرکار نے اس سلسلے میں ایک کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی جو برف باری کے دوران سڑکوں کو نقصان پہنچائے بغیر برف ہٹانے کیلئے معیاری عملیاتی طریقہ کار اور اقدامات اٹھانے کے حوالے سے اپنی سفارشی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس کمیٹی کی کمان دیہی ترقی و پنچایتی راج کے پرنسپل سیکریٹری کو سونپی گئی ہے جبکہ کمیٹی میں پرنسپل سیکریٹری مکانات و شہری ترقی،پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعمیرات عامہ،کمشنر سیکریٹری محکمہ جل شکتی(پی ایچ ای) کے علاوہ سنٹرل بلڈنگس ریسریچ انسٹی چیوٹ و سینٹرل پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگے اور محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر سمیت کمیٹی کی جانب سے کو ٹکنیکی ماہر بطور ممبر شامل ہونگے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی محکمہ تعمیرات عامہ کے تابع کام کرے گی اور اپنی سفارشات 30اکتوبر تک پیش کرے گی۔ وادی میں گزشتہ برسوں کے دوران قہر انگیز برفباری کے بعد سڑکوں سے برف ہٹانے کے دوران سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا تھا،جس کے نتیجے میں یہ سڑکیں خراب ہوئیں تھی۔