پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے سرنکوٹ کا دورہ کرکے پوشانہ ، بفلیاز ، مرہوٹ اور دیگر برف زدہ علاقوں میں سہولیات کی دستیابی کاجائزہ لیا ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے برف سے ڈھکے علاقوں میں لوگوں کو مل رہی سہولیات کے بارے میں مکمل طور پر جائزہ لیا اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ راحت رسانی کے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوںکو مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے ۔ انہوںنے اس سلسلے میں سب ڈیویژنل افسران کی ایک میٹنگ بھی طلب کی اور اب تک کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ اس دوران انہیں سڑکوں سے برف ہٹانے ، اشیائے ضروریہ کی فراہمی ، طبی اداروں کے کام کاج ، بجلی کی سپلائی ،بفلیاز سے برف ہٹانے کے بارے میں بتایاگیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ ، پی ایم جی ایس وائی اور گریف کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں سے برف ہٹاکر انہیں قابل آمدورفت بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ لوگ تحصیل صدر مقام تک آسانی سے آجاسکیں ۔ڈپٹی کمشنر کو مطلع کیاگیاکہ برفباری والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تین ماہ کا راشن پہلے ہی فراہم کردیاگیاہے ۔انہیں بتایاگیاکہ مقامی انتظامیہ ہر طرح کے انتظامات کیلئے تیار ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی ایم سرنکوٹ کو ہدایت دی کہ وہ خود اقدامات کی نگرانی کریں اور لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوںنے کہاکہ سرکاری مشینری کی پہلی ترجیح لوگوں کو اس مشکل وقت میں خدمات کی فراہمی ہونی چاہئے ۔دریں اثناء زرگر نے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ کے کام کاج جائزہ لیا اور انہوںنے مریضوںسے بھی بات چیت کی ۔