بدامنی پھیلانے کا الزام | شہری پرسیفٹی ایکٹ عائد

عظمیٰ نیوزسروس
پونچھ//ضلعی پولس پونچھ نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ایک ایسے فرد کو حراست میں لیا ہے جو علاقہ میں امن و امان کے لیے خطرہ محسوس کیا جا رہا تھا۔پولیس کے مطابق میر محمد چوہدری، ولد لعل حسین ساکن گائوں گوہلد تحصیل مینڈھر ضلع پونچھ معاشرے کے پرامن ماحول کے لیے خطرہ محسوس کیا جا رہا تھا جس کو دیکھتے ہوئے پولیس نے یہ قدم اٹھایا۔ پولیس کے مطابق ملزم معاشرے میں دہشت اور خوف پھیلانے کے لیے مختلف ہتھکنڈےاپناتاتھا، اس کے اقدامات سے عوامی تحفظ اور سکون کو شدید خطرہ لاحق تھا۔ اس لئے امن عامہ کے لیے نقصان دہ مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے، ضلع پولیس پونچھ نے، ضلع مجسٹریٹ پونچھ سے حاصل کردہ نظر بندی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے، پی ایس اے کے تحت میر محمد چودھری کو حراست میں لیا۔ بتا دیں کہ میر محمد چودھری کو پولیس سٹیشن مینڈھر کے دائرہ اختیار میں مجرمانہ مقدمات میں ملوث پایا گیا جن میں خاص طور پر مجرمانہ دھمکیاں شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ضلع پولیس پونچھ نے تمام رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسے گرفتار کیا ہے۔