عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مرکزی بجٹ 2026-27کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ ملک کی ترقی کے ساتھ ساتھ ناری شکتی—خواتین کے بااختیار بننے—کے مضبوط عزم کو ایک بار پھر نمایاں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے نویں بار لگاتار بجٹ پیش کرکے نہ صرف ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت دیا ہے کہ بھارت میں خواتین قیادت کس طرح قومی پالیسی سازی کے مرکز میں جگہ بنا چکی ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا بجٹ اس لحاظ سے بھی تاریخی ہے کہ اس میں ملک کی مجموعی معاشی رفتار برقرار رکھتے ہوئے خواتین، نوجوانوں، کسانوں اور محروم طبقات کے لیے مخصوص اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناری شکتی پر دی گئی خصوصی توجہ اس بات کی علامت ہے کہ حکومت خواتین کو نہ صرف سماجی و معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے بلکہ انہیں قومی ترقی کے عمل کا ایک فعال حصہ بنانے کے لیے ٹھوس قدم بھی اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کی مسلسل نویں پیشکش ایک غیر معمولی کارنامہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں خواتین کی فیصلہ سازی کی صلاحیت کو مکمل اعتماد اور احترام حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نرملا جی کی قیادت میں آج کا بجٹ خواتین کی تعلیم، صحت، کاروبار اور مالی خود مختاری کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ موجودہ بجٹ وزیر اعظم نریندر مودی کے وڑن پر مبنی ہے، جو بھارت کو اگلے چند برسوں میں عالمی معیشت کی صفِ اول کی طاقتوں میں شامل کرنے کا راستہ متعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ بجٹ مستقبل ساز، فلاحی اور مضبوط بھارت کی تعمیر کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جس میں خواتین کی طاقت کو قومی تعمیر کا بنیادی ستون مانا گیا ہے‘۔