حسین محتشم
پونچھ//محکمہ بجلی نے بقایاجات کی وصولی کے لئے جاری خصوصی مہم کے تحت پونچھ بازار میں متعدد نادہندہ صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کر دئیے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی اْن صارفین کے خلاف عمل میں لائی گئی جنہوں نے طویل عرصے سے واجبات ادا نہیں کئے تھے اور متعدد نوٹس دینے کے باوجود ادائیگی نہیں کی۔محکمہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ریکوری مہم کا مقصد محض کارروائی کرنا نہیں بلکہ مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور بجلی کے نظام کو مستحکم بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بقایاجات کی عدم ادائیگی سے نہ صرف محکمہ کو مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ بجلی کی ترسیل اور دیکھ بھال کے نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نادہندگان کو پیشگی نوٹس جاری کئے گئے تھے اور مقررہ مدت کے اندر ادائیگی کی مہلت بھی دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق پونچھ بازار میں کئی دکانداروں کے کنکشن منقطع کئے گئے، جس کے بعد بازار میں ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بعض تاجروں نے کارروائی کو سخت قرار دیا، تاہم متعدد ذمہ دار شہریوں نے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بروقت بلوں کی ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے۔محکمہ بجلی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بقایا جات فوری طور پر ادا کریں تاکہ مزید کارروائی سے بچا جا سکے۔ افسران کا کہنا ہے کہ ریکوری مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی اور کسی بھی قسم کی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ جو صارفین مالی دشواری کا سامنا کر رہے ہیں وہ محکمہ کے متعلقہ دفتر سے رابطہ کر کے قسطوں میں ادائیگی کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور صارفین ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے واجبات بروقت ادا کریں گے، تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔