پونچھ// بجلی ،پانی اور راشن کی عدم دستیابی پرسماج سیوا سوسائٹی پونچھ کی جانب سے اس کے چیئرمین یوگل کشور شرما کی قیادت میں احتجاج کیاگیا۔اس موقعہ پرمظاہرین نے ریاستی مخلوط سرکار کے خلاف نعرے بازی کر کے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔انہوںنے محکمہ پی ایچ ای، محکمہ بجلی اور محکمہ امور صارفین و عوام تقسیم کا ری کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ پونچھ ضلع میں یہ تینوں اہم محکمہ جات غفلت شعاری سے کام کررہے ہیں۔یوگل کشور شرما نے کہا کہ پونچھ قصبہ میں ہی نہیں بلکہ پورے ضلع میں لوگ پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، بجلی کی غیر معینہ کٹوتی اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہر جگہ مظاہرے ہورہے ہیںاور لوگ پانی کی بوند بوند کے لئے ترساں ہیں جبکہ انہیں راشن بھی نہیں دیاجارہا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو پانی بجلی اور راشن جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔