سری نگر//بجبہاڑہ اور کنزر ٹنگمرگ میں سڑک کے الگ الگ حادثات کے دوران پانچ پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ کے این ایس کے مطابق آرونی بجبہاڑہ میں گزشتہ شام موٹر سائیکل زیر نمبر JK03G-4657 اور ماروتی زیر نمبرJK18A-2568کے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار تین افراد زخمی ہوئے۔ تینوں زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بجبہاڑہ لے جایا گیا جہاں ان کا علاج و معالجہ کیاجارہاہے۔ زخمی ہونے والے افراد کی شناخت سمیر احمد ملک ولد مصطفی ملک، مہران احمد وگے ولد نذیر احمد وگے اور دانش احمد ملک ولدگل محمد ملک ساکنان آرونی بجہباڑہ کے طور ہوئی ہے۔ ادھر پنجورہ کنزر ٹنگمرگ میں پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ (SOG)کی موبائیل بنکر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی۔ حادثہ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہروندر سنگھ،ڈرائیور مختار احمد،ایس پی او اعجاز احمد، کانسٹیبل فردوس احمد اور ایس پی او امتیاز احمدزخمی ہوئے جنہیںسب ضلع اسپتال ماگام لے جایاگیا جہاں ان کا علاج و معالجہ کیاگیا۔ ڈاکٹروں نے مزید علاج کیلئے اعجاز اور امتیاز کو صدر اسپتال سرینگر منتقل کرنے کی ہدایت دی۔