راجوری//مینڈھر کے علاقہ بالا کوٹ میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر مولانا حافظ محمد الیاس چیئرمین جامعہ ضیاء الاسلام منجا کوٹ مہمان خصوصی تھے ۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران لوگوں کو تعلیمات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنانے اور معاشرے کو بے راہ روی سے بچانے کے لئے سیرت رسول ؐاور صحابہ اکرام کی زندگی کے پیغام کو عام کرنے پر زور دینے کو کہا کہ تعلیمات صحابہ پر عمل پیرا ہوکر اپنی دنیا وآخرت درست کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اور سنت نبوی ؐ سے دوری مسلمانوں کے زوال کی سب سے بڑی وجہ بنی ہوئی ہے جس کے ازالہ کے لئے معاشرے میں دینی تعلیمات کو عام کرناہوگا تاکہ بے راہ روی اوروالدین کی نافرمانی کا سلسلہ ختم ہوسکے ۔ مولانا نے کہا کہ سیرت النبی ؐ کو اپنی زندگی کا مقصد مان کر زندگی گزارنی ہوگی تاکہ اللہ ہم سے راضی ہو۔ انہوں نے خطاب کے دوران جموں گول گجرال میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ریاستی حکومت کو متنبہ کرتے ہو ئے خبردارکیا کہ اس طرح کے واقعات سے ملک و ریاست کے امن کو خراب نہ کیا جائے ۔اس موقعہ پر مولانا حافظ محمد اشرف ،حافظ ابرار اور ریٹائرڈ ماسٹر عنایت اللہ خان بھی موجود تھے۔