راجوری//ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری کی قیادت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران بنکروں کی تعمیر اورسیمابھون کیلئے زمین کی حصولی کے عمل کاجائزہ لیاگیا۔ اس دوران سب ڈیویژنل انتظامیہ نوشہرہ ،سندربنی اور منجاکوٹ کی طرف سے سرحدی عوام کیلئے سیمابھون کی تعمیر کیلئے پرپوزل پیش کیاگیا جس پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ضلع انتظامیہ کے ایک ترجمان نے بتایاکہ پندرہ کنال،پچیس کنال اور پینتیس کنال اراضی حاصل کی گئی ہے جس پر بالترتیب ایک ہزار،پچیس سو اور پانچ ہزار افراد کی گنجائش والے سیما بھون کی تعمیر ہوگی ۔ان بھون کی تعمیر محکمہ تعمیرات عامہ کرے گا جس کیلئے سپرانٹنڈنٹ انجینئر تعمیرات عامہ راجوری کو نوڈل افسر مقرر کیاگیاہے ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ ضلع میں 5100انفرادی اور 361کمیونٹی بنکروں میں سے 75فیصد کی تعمیر کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کیاگیاتاہم ٹھیکیداروں کی جانب سے زیادہ قیمتوں کا معاملہ صوبائی انتظامیہ سے اٹھایاگیاہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ نے نوشہرہ میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت مہاتماگاندھی نریگا سے کانورجنس کے ذریعہ102انفرادی بنکر اور10کمیونٹی بنکر تعمیر کئے ہیں جنہیں رواں سال مارچ کے مہینے میں لوگوں کے نام وقف بھی کردیاگیا۔انفرادی بنکروں میں دس سے پندرہ افراد کے قیام کی گنجائش ہوتی ہے جبکہ کمیونٹی بنکروں میں ایک ساتھ چالیس سے پچاس افراد رہ سکتے ہیں۔وہیں سیما بھون سے بہت بڑی آبادی کوفائدہ ملے جو سرحدوں پر کشیدگی کے دوران ہجرت پر مجبو رہوتی ہے ۔سرحدی علاقوں میں بنکروں اور سیما بھون کی تعمیر کو منظوری وزارت داخلہ حکومت ہند کی طرف سے دی گئی ہے جس کی نگرانی ریاست کا محکمہ داخلہ کررہاہے ۔