بختیار حسین
سرنکوٹ//اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ مختار احمد شیخ نے سرنکوٹ کے بفلیاز علاقے کادورہ کرکے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی کے تحت ہوئے کاموں کاجائزہ لیا ۔ اس دوران انہوںنے ملازمین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے ان پر زور دیاکہ وہ مرکزی معاونت والی سکیموں کالوگوںکو زیادہ سے زیادہ فائدہ دینے کی کوشش کریں ۔اس میٹنگ میں بی ڈی او بفلیاز قدیر چاڑک بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران محکمہ کے ملازمین نے تفصیل کے ساتھ بلاک بفلیاز میں چل رہے کام کی اے سی ڈی پونچھ کوجانکاری فراہم کی۔مختار احمد شیخ نے کہا کہ بلاک بفلیاز میں محکمہ کے ملازمین کی کارکردگی تسلی بخش ہے تاہم وہ امید کرتے ہیں کہ اسے مزید بہتر بنایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ اور بھی بہتر ڈھنگ سے سکیموںکو چلایاجائے تاکہ لوگ مستفید ہوسکیں ۔انہوںنے سکیموںکی عمل آوری میں عوامی شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ان سکیموں کی کامیابی کا راز ہی اسی میں ہے کہ لوگوںکو ان کے بارے میں بیدار کیاجائے اور انہیں ان کا حصہ ملے ۔اجلاس میں گرام روز گار سیوک ،ٹیکنکل اسسٹنٹ و پنچایتی سیکریٹری بھی موجود تھے ۔