ایک غیر ریاستی بھی شامل،3روز کے دوران 5شہریوں کی ہلاکتیں
سرینگر+بانڈی پورہ//وادی کشمیر میں منگل کی شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک گھنٹے کے دوران ایک مشہور میڈیکل سٹور کے مالک، ایک غیر مقامی مزدور اور ایک مقامی شہری سمیت تین افراد کو ’ٹارگٹ کلنگ‘ کر کے ہلاک کردیا۔ پچھلے 3روز کے دوران 5شہریوں کو ابدی نیند سلایا گیا ہے۔ان میں سے 4شہری سرینگر شہر میں ہلاک کئے گئے ہیں۔دو روز قبل کرن نگر اور بٹہ مالو میں پی ڈی ڈی ملازم سمیت 2شہریوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔
سرینگر
سرینگر کے سول لائنز اقبال پارک علاقے میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے وادی کے مشہور میڈیکل سٹور 'بندرو میڈیکیٹ' کے مالک کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔جموں و کشمیر پولیس نے اس ہلاکت ک لئے جنگجوئوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا ہے’’دہشت گردوں نے اقبال پارک کے نزدیک شام 7بجکر 20پر اقبال مارکیٹ کے قریب ’بندرو میڈیکیٹ ‘کے مالک شری مکھن لال بندرو پر گولیاں چلائیں۔ وہ شدید طور پر زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے ‘‘۔پولیس نے بتایا کہ مکھن لال بندرو پر نزدیک سے گولیاں چلائی گئی تھیں۔انہوں نے کہا’’مکھن لال کو کم از کم چار گولیاں لگی تھیں،انہیں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ‘‘۔ یہ وادی کشمیر میں رواں سال کسی غیر مسلم تاجر کی ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے ۔قبل ازیں 17 فروری کو سرینگر کے ہائی سکیورٹی زون سونہ وار علاقے میں مشتبہ جنگجوئوں نے مشہور کرشنا ڈھابہ کے مالک رمیش کمار مہرا کے بیٹے آکاش کمار پر گولیاں چلائیں تھیں اور وہ گیارہ دنوں تک ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے تھے ۔دریں اثنا کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ جنگجوؤں نے سرینگر کے لال بازار علاقے میں مدینہ چوک کے نزدیک ایک غیر مقامی شہری کو ہلاک کر دیا۔انہوں نے کہا کہ مہلوک شہری کی شناخت وریندر پسوان ساکن بہار کے طور پر ہوئی ہے ۔اسے لال بازار علاقے میں شام 7بجکر50منٹ پر مرزا کامل چوک مدین صاحب کے نزدیک اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے ریڈے سمیت عالمگری بازار جڈی بل کی طرف جارہا تھا جہاں وہ عارضی طور پر مقیم تھا۔وہ ریڈے پر گول گپے فروخت کرتا تھا۔
حاجن
اس دوران پولیس ترجمان کے مطابق شمالی ضلع بانڈی پورہ میں نامعلوم جنگجوؤں نے محمد شفیع لون نامی ایک شہری کو ہلاک کیا ۔انہوں نے کہا کہ محمد شفیع بانڈی پورہ کے نائید کھے علاقے کا رہنے والا تھا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حاجن سومو سٹینڈ صدرمحمد شفیع لون عرف سونو ساکن نائد کھے کو شام ساڑھے 8بجے کے قریب اس وقت گولیوں کا نشانہ بنیا گیا جب وہ موٹر سائیکل پر گھر جارہا تھا۔ اس پر شاہ گنڈ حاجن کے نزدیک حملہ کیا گیا اور 4گولیاں اسکے جسم میں پیوست ہوئیں اور وہ شدید زخمی ہوا۔اسے فوری طور پر حاجن اسپتال لیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔