یو این آئی
لندن/انگلینڈ کے سابق تیزگیندباز جیمز اینڈرسن اور بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن 9 ستمبر کو ہونے والی ایس اے 20 (2026) کی نیلامی کے لیے دستیاب 541 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔نیلامی کے لیے اینڈرسن سمیت انگلینڈ کے کل 97 کھلاڑی دستیاب ہیں، جن میں معین علی، ایلکس ہیلز اور ایس اے 20 (2025) فائنل کے پلیئر آف دی میچ ٹام ایبل بھی شامل ہیں۔ اینڈرسن نے لنکا شائر کے لیے ٹی-20 بلاسٹ میں کھیلتے ہوئے 11 سال بعد ٹی-20 کرکٹ میں واپسی کی تھی، اور “دی ہنڈریڈ” میں مانچسٹر اوریجنلز کے لیے آٹھ میں سے تین میچ کھیلے تھے ۔آل راؤنڈر شکیب الحسن اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان، نیلامی کے لیے دستیاب بنگلہ دیش کے 14 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ڈی آرکی شارٹ اور پیٹر ہیٹیوگلو نیلامی کی فہرست میں شامل واحد دو آسٹریلوی کھلاڑی ہیں، کیونکہ بی بی ایل اور ایس اے 20 ایک ہی وقت میں کھیلے جائیں گے ۔ نیلامی میں 28 ویسٹ انڈین اور 24 سری لنکائی کھلاڑی بھی ہیں، جبکہ دیپندر سنگھ ایری فہرست میں شامل واحد نیپالی کھلاڑی ہیں۔ایڈن مارکرم، جنہیں سن رائزرز ایسٹرن کیپ نے برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کیا، 300 جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی فہرست میں نمایاں نام ہیں۔ ان کے ساتھ ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کے رنر اپ کھلاڑی اینرک نورکیا، کوئنٹن ڈی کوک، کیشَو مہاراج، تبریز شمسی اور جیرالڈ کوئٹزی بھی شامل ہیں۔مجموعی طور پر 241 غیر ملکی کھلاڑی 25 زیادہ سے زیادہ دستیاب مقامات کے لیے مقابلہ کریں گے ، جبکہ باقی 59 مقامات کے لیے 300 جنوبی افریقی کھلاڑی میدان میں ہوں گے ۔پریٹوریا کیپیٹلز 32.5 ملین رینڈ (تقریباً 18.6 لاکھ امریکی ڈالر) کے سب سے بڑے پرس کے ساتھ نیلامی میں حصہ لے گی۔ ان کے پاس 13 خالی مقامات ہیں، جن میں پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے ہیں۔ ایم آئی کیپ ٹاؤن کے پاس سب سے کم بجٹ 11.5 لاکھ رینڈ (تقریباً 6.5 لاکھ امریکی ڈالر) ہے اور 12 خالی مقامات ہیں، جن میں چار غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے مخصوص ہیں۔چھ ٹیموں میں سے ہر ایک کو اپنی 19 رکنی ٹیم میں کم از کم دو انڈر-23 کھلاڑی بھی منتخب کرنے ہوں گے ۔