یو این آئی
برسٹل/انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ ان کا ہدف انگلینڈ کو آئی سی سی ٹی20 درجہ بندی میں دنیا کی نمبر ایک ٹیم بنانا ہے ۔ہندوستان کے خلاف ٹی20 سیریز میں 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے بعد بروک نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم اگلا میچ جیت جاتی ہے تو وہ ہندوستان کو پیچھے چھوڑ کر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا، ”ہمیں بتایا گیا ہے کہ اگلا میچ جیتنے کی صورت میں ہم دنیا کی نمبر ایک ٹیم بن جائیں گے اور یقیناً ہماری نظریں اسی کامیابی پر مرکوز ہیں۔ ہندوستان ایک مضبوط ٹیم ہے ۔ شاید وہ اس سیریز میں اپنی بہترین کرکٹ نہ کھیل سکی ہو، لیکن ہم نے اپنی منصوبہ بندی پر بہترین انداز میں عمل کیا ہے ، جس پر ہمیں خوشی ہے ۔”بروک نے کہا، ”ہندوستان کو 4-0 سے شکست دینا ہمارے لیے ایک خاص کامیابی ہوگی اور دنیا کی نمبر ایک ٹی20 ٹیم بننا اس سے بھی بڑا اعزاز ہوگا۔ یہی ہمارا بنیادی ہدف ہے ۔ ہم ساؤتھمپٹن میں بھی بہترین کھیل پیش کرکے سیریز کا اختتام فتح کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔’