جموں//اسمبلی حلقہ نگروٹہ کی گوجربکروال آبادی پرمشتمل دیہات کے لوگوں میں محکمہ خوراک، شہری رسدات وامورصارفین (ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ ،سول سپلائز اینڈکنزیومرافیئرس) کی جانب سے حال ہی میں جاری کئے گئے راشن کارڈوں میں ایس ٹی طبقہ کے صارفین کے راشن کارڈوں پربھی ایس ٹی کے بجائے جنرل کیٹگری درج کیاہے جس کی وجہ سے گوجربکروال طبقہ کے صارفین میں تحفظات اورتشویش کی لہردوڑگئی ہے ۔نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے مڑھ، درابی،بمیال، دھنوں،دھنگ ،گورڈہ ،چکھڑ،بگانی ودیگرملحقہ علاقوں کے لوگوں کاکہناہے کہ حکومت جموں وکشمیرکے محکمہ محکمہ خوراک، شہری رسدات وامورصارفین کی جانب سے جوحال ہی میں راشن کارڈ جاری کئے گئے ہیں ان پر شیڈیولڈٹرائب طبقہ کے صارفین کے راشن کارڈوں پرایس ٹی کے بجائے جنرل کیٹگری درج کیاگیاہے جس سے گوجربکروال آبادی میں مختلف قسم کے خدشات پیداہورہے ہیں اوراسے بعض لوگوں کی طرف سے گوجربکروال طبقہ مخالف سازش تعبیرکیاجارہاہے۔ اس سلسلے میں مڑھ ،درابی کے علاوہ دھنوں وغیرہ پنچایتوں میں معززین کے مختلف اجلاس منعقدہوئے جن میں مولوی غلام محمد، مرادعلی،محمدشفیع ،عزیزمحمد وغیرہ نے اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایس ٹی طبقہ کے صارفین کے راشن کارڈوں پرایس ٹی کے بجائے جنرل کیٹگری کی مہرلگانا غیرمناسب ہے اورصارفین کے ساتھ کھلواڑہے جسے قطعی برداشت نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ وزیر برائے محکمہ خوراک، شہری رسدات وامورصارفین چوہدری ذوالفقارنے اگرچہ اچھے کام کیے ہیں لیکن حا ل ہی میں جاری ہوئے ایس ٹی صارفین کے راشن کارڈوں پرایس ٹی کے بجائے جنرل زمرہ درج کرنایاتوبھول ہے یادانستہ طورپرایک غلطی ہے جسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ذوالفقارچوہدری جووزیربرائے قبائلی امورہیں اورموجودہ وزیربرائے امورصارفین سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ وہ اس مسئلے کوسنجیدگی سے لے کرایس ٹی طبقہ کے صارفین کے راشن کارڈوں پرجنرل کیٹگری کے بجائے ایس ٹی کیٹگری درج کرکے غلطی کاازالہ کرکے لوگوں کی مشکلات دورکریں ۔اس دوران مقررین نے انتباہ دیاکہ اگرایسانہیں ہواتوعوام احتجاج کاراستہ اپنانے سے گریزنہیں ہوگی جس کی ذمہ داری متعلقہ وزراپرعائدہوگی۔