جموں//محکمہ خزانہ نے ریاست میں ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہیں اداکرنے کے لئے 140کروڑ روپے واگزار کئے ۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری نے کہا ہے کہ ایس ایس اے اساتذہ کی التوا میں پڑی تنخواہوں کی ادائیگیوں کے لئے رقومات کی اس دوسری قسط کے ساتھ ہی محکمہ تعلیم کے حق میں اس مقصد کے لئے اس سال اب تک مجموعی طور پر 280کروڑ روپے واگزار کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو کی ہدایات پر محکمہ خزانہ نے ایڈوانس میں رقومات جاری کئے تاکہ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہیں وقت پر دی جاسکیں۔نوین کے چودھری نے کہا کہ اگر چہ ان اساتذہ کی تنخواہوں کے لئے رقومات مرکزی سرکار کو دینا تھیں تاہم محکمہ خزانہ نے پہلے ہی محکمہ تعلیم کو لازمی رقومات واگزار کیں تاکہ اساتذہ کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہیں وقت پر واگزار کی جانی چاہئیں ۔ دریں اثنا وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے محکمہ خزانہ کی طرف سے رقومات کی واگزار ی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اساتذہ برادری پر زور دیا ہے کہ وہ طلاب کو معیاری تعلیم سے روشناس کرائیں ۔انہوںنے کہا کہ حکومت اساتذہ برادری کو درپیش مسائل سے پوری طرح باخبر ہے اور انہیں حل کرنے کے لئے مناسب اقداما ت کئے جارہے ہیں۔