راجوری //ضلع انتظامیہ کی طرف سے چلائی جارہی تجاوزات مخالف مہم کے دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر اور پہاڑی مشاورتی بورڈ کے نائب چیئر مین کلدیپ راج گپتاکی ہاتھ میں پتھر اٹھائے ایک تصویر اور ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس کی نہ صرف عام لوگوں بلکہ خود بھاجپا لیڈران کی طرف سے بھی کڑی نکتہ چینی کی جا رہی ہے ۔ اس کلپ میں گپتا ہاتھ میں پتھر اٹھائے جے سی بی کی طرف حملہ آور ہونے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہاں موجود پولیس اہلکار انہیں ایسا نہیں کرنے دیتے، یہ جی سی بی گپتا کی طرف سے مبینہ طور پر سرکاری زمین پر تعمیر کردہ دو منزلہ دکانوںکو منہدم کررہی تھی۔ گزشتہ روز گوجر منڈی سے عبداللہ برج تک چلائی گئی اس مہم کے دوران کلدیپ رام گپتا موقعہ پر آئے اور افسران کو ہدایت دی کہ ان کی دکانوں کو مسمار نہ کیا جائے ، افسران کی طرف سے انکار کئے جانے پر نائب چیئر مین تلملاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں اور کبھی انہدامی ٹیم کے افسران ، کبھی پولیس اہلکاروں تو کبھی جے سی بی ڈرائیور کو کارروائی روکنے کے لئے کہتے ہیں ۔متذکرہ بالا فوٹو اور ویڈیو فیس بک اور واٹس ایپ پر دن بھر گردش کرتے رہے ۔ رابطہ قائم کرنے پر کلدیپ راج گپتا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے پتھر مارنے کیلئے نہیں بلکہ اپنا سر پھوڑنے کے لئے اٹھایا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ تجاوزات مخالف مہم کے حق میں ہیں تاہم کہا کہ ’میں ایک غریب آدمی ہوں ، پوری زندگی سماجی خدمت کو وقف کردی ہے اور یہ زمین میرے بیروزگار بیٹوں کو گورنر کے عہد میں ریلیز ہوئی تھی‘۔