نئی دہلی// ملک کی راجدھانی دہلی اس وقت آکسیجن کی بھاری قلت سے دو چار ہے۔ کئی اسپتالوں میں کچھ گھنٹوں کا اسٹاک باقی ہے جبکہ کچھ کو آخری لمحال میں آکسیجن نصیب ہو سکی۔دہلی کے سر گنگا رام اسپتال کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان کے اسپتال میں 25 انتہائی بیمار مریضوں کی موت واقع ہو گئی۔ صبح کے وقت اسپتال کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان کے پاس کچھ گھنتوں کی ہی آکسیجن باقی ہے۔ وینٹی لیٹر بھی کام نہیں کر رہے ہیں، لہذا فوری طور پر ایئر لفٹ کی مدد سے آکسیجن درکار ہے ورنہ یہاں کے دیگر 60 مریضوں کی جان کو خطرہ ہے۔ تاہم صبح تقریباً 10 بجے گنگا رام استپال کو آکسیجن کی سپلائی حاصل ہو گئی۔دہلی کے ہی میکس اسپتال کی جانب سے صبح کے وقت ٹوئٹ کر کے کہا گیا کہ اسپتال میں آکسیجن کی بھاری قلت ہے۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ میکس سمارٹ اسپتال، میکس اسپتال ساکیت میں کچھ گھنٹوں کی آکسیجن باقی ہے، لہذا فوری آکسیجن درکار ہے۔ تاہم صبح کے تقریباً 10 بجے میکس ساکیت اسپتال کو آکسیجن کی سپلائی مہیا کرا دی گئی۔ ابھی میکس کے پاس تین گھنٹے کی آکسیجن سپلائی پہنچ گئی ہے۔خیال رہے کہ دہلی کے کئی اسپتالوں میں کئی دنوں سے آکسیجن کا بحران چل رہا ہے۔ دہلی حکومت نے مرکزی حکومت سے گہار لگائی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے کوٹا بھی بڑھایا گیا ہے لیکن مریضوں کی بڑھتی تعداد کے درمیان کوئی اقدام کارگر ثابت نہیں ہو رہا ہے، کیونکہ آکسیجن کی سپلائی میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ دہلی کے کچھ اسپتالوں کو آکسیجن کی سپلائی کے مطالبہ کے لئے ہائی کورٹ کا بھی رخ کرنا پڑا۔