یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ہندوستان کے نوجوانوں کو گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک میں ہونے والی تبدیلیوں کے پیچھے محرک قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اہم اقدامات کے ذریعے بنائے گئے ایک مضبوط ایکو سسٹم نے نوجوان ہندوستانیوں کو اعتماد کے ساتھ اپنے عزائم کو پورا کرنے اور اختراع، انٹرپرینیورشپ، ٹیکنالوجی اور کھیلوں میں رہنما بن کر ابھرنے کے لیے بااختیار بنایا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یکے بعد دیگرے کئی پوسٹس میں وزیر اعظم نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت نے مسلسل “نوجوانوں کی قیادت میں ترقی” کے لیے کام کیا ہے، انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کو 2014 سے حکومت کے دور اقتدار کی سب سے نمایاں خصوصیات میں سے ایک قرار دیا۔ مسٹر مودی نے کہا، “این ڈی اے حکومت وہ ہے جو نوجوانوں کی قیادت میں ترقی کے لیے بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔ گزشتہ 12 برسوں کی اہم خصوصیات میں سے ایک وہ اعتماد ہے جس کے ساتھ ہندوستان کے نوجوانوں نے اپنے عزائم کو پورا کیا ہے۔” اختراع اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے مقصد سے کیے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، اسکل انڈیا اور اٹل انوویشن مشن جیسے پروگراموں نے نوجوان ہندوستانیوں کو اختراع کرنے، کاروباری ادارے قائم کرنے اور روزگار پیدا کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مدد کی ہے۔انہوں نے کہا، “اسٹارٹ اپ انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، اسکل انڈیا اور اٹل انوویشن مشن جیسے اقدامات کے ذریعے، ایک ایسا ایکو سسٹم ابھرا ہے جو اختراع، انٹرپرینیورشپ اور انٹرپرائز کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔” مسٹر مودی نے اصرار کیا کہ ہندوستان دنیا کے معروف اسٹارٹ اپ مقامات میں سے ایک بن کر ابھرا ہے، جس میں چھوٹے شہروں اورگاؤوں کے نوجوان کاروباری ملک کے اختراعی منظر نامے میں مسلسل تعاون کر رہے ہیں۔ مودی نے کہا، “ہندوستان کے نوجوان سائنس اور ٹیکنالوجی سے لے کر مینوفیکچرنگ، خلائی، سیمی کنڈکٹرز اور ڈرونز تک مختلف شعبوں میں اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ نوجوان ہندوستانی ان شعبوں میں اپنا تعاون دے رہے ہیں جو ہمارے ملک اور دنیا کے مستقبل کی تشکیل کریں گے۔”