عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں جاری فوجی کارروائی کے دوران ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) فرض کی ادائیگی کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔ فوجی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کے روز تقریباً ڈھائی بجے اس وقت پیش آیا جب فوجی دستے آپریشن ’شیری کلان‘ کے تحت علاقے میں طویل آپریشن انجام دے رہے تھے۔صوبیدار سندیپ کمار دھاکا پونچھ کے ایک مشکل اور نا ہموار علاقے میں آپریشن کے دوران تعینات تھے کہ اچانک پھسل کر زمین پر گر گئے۔ گرنے کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے جس کے فوراً بعد انہیں فوری طور پر فوجی ہسپتال پوتھا منتقل کیا گیا۔فوجی ڈاکٹروں کی ٹیم نے انہیں بچانے کے لئے بھرپور طبی کوششیں کیں تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور فرض کی ادائیگی کے دوران مار ے گئے۔
ان کی وفات کی خبر ملتے ہی فوجی حلقوں اور مقامی لوگوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔فوج کے وائٹ نائٹ کورپس نے اس سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبیدارسندیپ کمار دھاکا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کورپس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مرحوم فوجی افسر نے اپنی بے مثال بہادری، ثابت قدمی اور بے لوث خدمت کے ذریعے قوم کی خدمت کی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس مشکل گھڑی میں فوج پوری طرح سے غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بہادر سپاہی کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جس نے ملک کی خدمت کرتے ہوئے اپنی آخری سانس تک فرض نبھایا۔فوجی حکام کے مطابق آپریشن’ شیری کلان‘ کے تحت علاقے میں حفاظتی اقدامات اور نگرانی کا سلسلہ جاری ہے اور سیکورٹی فورسز علاقے میں چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ مرحوم جے سی او کی خدمات اور قربانی کو فوجی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔