بجٹ اجلاس2026-27شروع
ایجنسیز
نئی دہلی //صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بدھ کے روز کہا کہ دنیا نے آپریشن سندور کے ذریعے ہندوستانی مسلح افواج کی بہادری دیکھی جب انہوں نے اپنے وسائل کے زور پر ملی ٹینٹوںکے کیمپوں کو تباہ کیا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ ملی ٹینسی کی کسی بھی کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔صدر جمہوریہ نے 18ویں لوک سبھا کے بجٹ سیشن 2026-27 کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سماجی انصاف، جامع ترقی اور ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے مرکزی حکومت کے وژن کا خاکہ پیش کیا۔
آپریشن سندور
مرمونے خطاب میںکہا کہ” بھارت نے ثابت کر دیا کہ طاقت کو ذمہ داری اور دانشمندی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا”ہماری قوم نے اپنے وسائل کے بل بوتے پر، ملی ٹینسی کے کیمپوں کو تباہ کر دیا اور حکومت نے پیغام بھیجا کہ ملی ٹینسی کی کسی بھی کارروائی کا پرعزم اور فیصلہ کن طریقے سے جواب دیا جائے گا،”۔ صدر جمہوریہ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر اراکین پارلیمنٹ کے ڈیسک بجانے کے درمیان کہا کہ سندھ آبی معاہدے کی معطلی ملی ٹینسی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی کا حصہ ہے اور ہم قومی سلامتی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مشن سدرشن چکرا پر بھی کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے بعدہندوستانی دفاعی پلیٹ فارمز پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
سماجی انصاف
مرمو نے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں سماجی انصاف کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کو مزید بااختیار بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے، اور اب تقریبا ً95 کروڑ شہریوں کو سماجی تحفظ کے فوائد دستیاب ہیں اورمیری حکومت حقیقی سماجی انصاف کے لیے پرعزم ہے” ۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 برسوںمیں 25 کروڑ ہندوستانی غربت سے باہر نکل آئے ہیں۔صدر نے کہا کہ حکومت بدعنوانی اور گھوٹالوں سے نمٹنے اور عوامی فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے میں کامیاب رہی ہے۔
25سال
انہوں نے کہا”ہندوستان کے لیے، اس صدی کے پہلے 25 سال کا اختتام کئی قابل فخر کامیابیوں اور غیر معمولی تجربات سے بھرا ہوا ہے اور پچھلے 10-11 برسوں میں، ہندوستان نے ہر شعبے میں اپنی بنیاد مضبوط کی ہے” ۔
وکشت بھارت
صدر کی طرف سے وکشت بھارت روزگار اور اجیویکا مشن(گرامین)(VB-G RAM G) سکیم کے لیے گارنٹی کے تذکرے پر اپوزیشن بنچوں کی جانب سے زبردست احتجاج کیا گیا۔مرمو نے کہا کہ VB-G RAM G اقدام 125 دنوں کے کام کی گارنٹی فراہم کرے گا، بدعنوانی اور رساو کو روکے گا، اور دیہی ترقی کو ایک نئی تحریک فراہم کرے گا۔اپوزیشن ارکان نے اس کے رول بیک کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے، یہاں تک کہ ٹریژری بنچوں نے سکیم کی حمایت میں اپنی میزیں ٹھونک دیں۔مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ ’ منریگا‘کی جگہ لینے والے ایکٹ کے خلاف اپوزیشن کے “واپس لو” (رول بیک) کے نعروں کے درمیان صدر کو ایک مختصر وقفہ لینا پڑا۔اپوزیشن پارٹیاں VB-G RAM G ایکٹ کو واپس لینے اور منریگاکو اصل شکل میں حقوق پر مبنی قانون کے طور پر بحال کرنے، کام کرنے کا حق اور پنچایتوں کے اختیارات کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ جیسے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ نے تعریف میں اپنی میزیں تھپتھپائیں، اپوزیشن کے ممبران پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ اس قانون کو واپس لیا جائے۔اس موقعہ پردونوں ایوانوں کی کارروائی جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔قبل ازیں صدر جمہوریہ ہند کی پارلیمنٹ آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے موجود تھے۔