راجوری //سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیپلروں کی طرف سے کی جا رہی ہڑتال پیر کے روز بھی جاری رہی۔ یہ ملازم پچھلے کئی روز اپنی مانگوں کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔ سرحدی اضلاع کے تمام تحصیل اور ضلع ہیڈ کوراٹر وں پر آنگن واڑی ورکر سٹرائیک پر رہے اور انہوں نے متعدد مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکال کر حکومت سے مانگ کی کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ ملازمین جاب پالیسی بنائے جانے کے علاوہ تنخواہوں کی باقاعدگی سے ادائیگی ، پنشن اسکیم کی عمل آوری اور تنخواہوں میں اضافہ کی مانگ کر رہے ہیں۔ دیگر مقامات کی طرح نوشہرہ میں بھی ایک پرہجوم ریلی نکالی گئی۔ تھنہ منڈی میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کی طرف سے نکالی گئی ریلی ڈاک بنگلہ سے شروع ہو کر تحصیل کمپلیکس میں اختتام کو پہنچی ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنی مانگوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ نائب تحصیلدار فاروق احمد راتھر نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کی مانگوں کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا جائے گا۔