جموں //لیفٹنٹ گورنر گریش چندر مرمو کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں آتم نربھر بھارت ابھیان کے تحت مختلف پروگراموں کی عمل آوری کا جائزہ لیاگیا۔چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم اورمختلف محکمہ جات کے انتظامی سیکریٹریوں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔پروگرام پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر نے کہاکہ اس مہم پر عمل کرکے نہ صرف کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہوئے بحران سے باہر نکلاجاسکے گابلکہ مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں وکشمیر کو خودکفیل اور خود انحصاربنانے میں بھی مدد ملے گی ۔اس دوران لیفٹنٹ گورنر کو اس بات سے آگاہ کیاگیاکہ متعد د ایڈمنسٹریٹو سیکریٹریوں کی قیادت میں 7ٹاسک فورسز تشکیل دی گئی ہیں جنہیں اس مہم کو مشن موڈ کے تحت کامیاب بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ ان ٹاسک فورسز کاکام کسانوں اور ماہی پروری سے جڑے افراد کی فلاح وبہبود، بینک فائنانس ، کریڈٹ ریوائیول اور ترقی، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کی تجدید،بجلی کے شعبہ میں اصلاحات، ٹیکنالوجی کو بڑھانا اور معیاری تعلیم، طبی نظام میں بہتری، ترقی کیلئے اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے مختلف سکیموں جیسے کارڈ ہولڈروں اور مہاجرین میں راشن کی تقسیم، تعمیرتی ورکروں کوریلیف ، پنشن ، فصل بیمہ یوجنا، پی ایم کسان کے تحت ادائیگی ، کے سی سی انشورنس،ایل پی جی کی تقسیم کاری، سیلف ہیلپ گروپوں کیلئے ریوالونگ فنڈوغیرہ کے تحت مستفیدکنندگان کاسوفیصد احاطہ کرنے کی ہدایت دی ۔طبی نگہداشت کے نظام کو ترجیح قرا ردیتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر نے چیلنجزکا مقابلہ کرنے کیلئے صحت کے بنیادی ڈھانچے کے فروغ خاص طور پر شاہرائوں اور سرحدی علاقوں میں دیہی صحت اور ٹراماکیئر سہولیات پر زور دیا۔شعبہ بجلی میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سکل ڈیولپمنٹ ،ٹیکنالوجی پر مبنی پر تعلیمی نظام اور سرگرمیوں کو فروغ دیاجائے جبکہ آبپاشی نظام کو مستحکم بنایاجائے اورفوڈ و ایگر وپروسسنگ پر بھی توجہ دی جائے ۔لیفٹنٹ گورنر نے افسران پر زور دیاکہ وہ محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ نتائج برآمد کرنے کی کوشش کریں تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ حاصل کیاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس نے غیر متوقع چیلنجز پیدا کردیئے ہیں جن سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر اضافی محنت کی ضرورت ہے ۔