جموں //مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو واپس کرکے بھارت کا حصہ بنانا مودی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔نئی دہلی سے ایک ورچول ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر نے کہا’’پچھلے ایک سال کے دوران کیا ہوا،یہ سب کی سوچ سے بھی پرے تھا،کچھ نے دعویٰ کیاتھاکہ ایسا(خصوصی تشخص کا خاتمہ) نہیں ہوسکتا،کسی نے ایسا نہیں سوچا تھا، آنیوالے وقت میں جوکچھ ہونے جارہاہے وہ بھی سوچ سے پرے ہوگا‘‘۔وہ جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرشاد مکھرجی کے یوم وفات پر جموں وکشمیر کے بھاجپا کارکنان سے خطاب کررہے تھے ۔ڈاکٹر جتیندر نے کہا’’یہ مودی حکومت کے ترجیحاتی ایجنڈے میں شامل ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو دوبارہ سے اصل صورت میں بھارت کا حصہ بنایاجائے جس صورت میں آخری ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ نے ہندوستان کے سپرد کیاتھا‘‘۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کہہ چکے ہیں کہ جموں وکشمیراو رلداخ کے مرکزی زیر انتظام علاقوں پر وہی توجہ مرکوز کی جائے گی جو شمال مشرقی علاقوں پر دی گئی ہے ۔ان کاکہناتھا’’شمال مشرقی علاقوں میں ملی ٹینسی جموں وکشمیر کے برعکس ہے جہاں ایک بھائی کے اے ایس افسر ہے ،دوسرا بھائی محکمہ تعلیم میں خدمات انجام دے رہاہے اور تیسرا بھائی علیحدگی پسند بننے کا خواہاں ہے‘‘۔تاہم ان کاکہناتھا’’شمالی مشرقی علاقوں سے ملی ٹینسی کا خاتمہ ہوچکاہے اور یہ خطہ اب پرامن ہے ،اگر ہم نے شمال مشرقی ریاستوں میں امن قائم کردیاتو ہم جموں وکشمیر میں بھی ایسا کرسکتے ہیں ‘‘۔