گاندربل// ضلع گاندربل میں محکمہ صحت میں تعینات آشا ورکروں نے اپنی اجرتوں میں اضافہ کی مانگ کرتے ہوئے کام چھوڑ ہڑتال شروع کردی۔سوموار کو محکمہ صحت میں تعینات درجنوں آشا ورکروں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل کے مرکزی گیٹ کے قریب اپنی اجرتوں میں اضافہ کی مانگ کرتے ہوئے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ سال سے شروع ہوئے کروناوائرس وبائی بیماری میں 24 گھنٹوں صبح شام کام کرتے ہیں،گھر گھر جاکر سروے رپورٹ مرتب کرنی ہو تو ہم سے کام لیا جاتا ہے،ویکسینیشن کرنی ہو، تو ہم کو گھر گھر جانا پڑتا ہے.نہ ہمیں کورونا سے بچنے کیلئے کوئی حفاظتی لباس مہیا کیا جاتا ہے اور نہ ہی ہمیں کسی قسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں،دن رات کام کرنے کے باوجود ہمیں صرف 2 ہزار روپے اُجرت دی جاتی ہے جس سے زیادہ ہمیں کسی جگہ پہنچے یا ہسپتال جانے میں خرچ ہوتے ہیں ہم نے متعدد بار ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہماری اُجرتوں میں اضافہ کیا جائے لیکن اعلیٰ حکام ٹس سے مس نہیں ہوتے،. مجبوراً ہم کام چھوڑ ہڑتال شروع کررہے ہیں اور یہ تب تک جاری رہے گی جب تک ہماری اجرتوں میں اضافہ نہیں کیا جاتا۔