اوڑی کے کئی دیہات کا تحصیل ہیڈکوارٹر سے رابطہ منقطع

فیاض بخاری
بارہمولہ //بارہمولہ کے سرحدی قصبہ اوڑی کے متعدد دیہات میں حالیہ برف باری نے معمول کی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے کیونکہ سب ڈویژن کے متعدد دیہات ابھی تک تحصیل ہیڈ کوارٹر سے منقطع ہیں، جس کے نتیجے میں آٹھ ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کوسخت مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق ان دیہات کو تحصیل ہیڈ کوارٹر سے ملانے والی سڑکیں برفباری کے باعث ابھی بھی بند ہیں۔ سلپتھر نمبلہ، چرنڈہ ، بٹ گرہ، زمور پٹن، پرنگل تا لمبر، باباگلیل، دودران، پاکلان، چوٹالی، بنالی، داراکنجن، جبڑی اور گیگر ہل سمیت کئی دیہات تحصیل ہیڈ کوارٹر سے ابھی بھی کٹے ہوئے ہیں۔عرفان احمد چک نامی ایک سماجی کارکن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس کے علاوہ متعدد علاقوں میں ابھی بجلی سپلائی بھی بحال نہیں کی گئی ہے ۔دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے ضلع بارہمولہ کے صدر ڈاکٹر سجاد شفیع نے سب ڈویڑن اوڑی میں برف باری کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر سڑکوں سے برف ہٹانے کامطالبہ کیا ہے۔