عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعے کو ایک اہم کارروائی کے دوران جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں کالعدم تنظیم جیشِ محمد (جے ای ایم) کے ایک خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کرکے اسے تباہ کر دیا، جبکہ ایک ملی ٹینٹ معاون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔پولیس بیان کے مطابق پولیس کو نانر میڈورہ میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد پولیس، 42 آر آر اور 180 بٹالین سی آر پی ایف نے مشترکہ محاصرہ و تلاشی آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کے دوران ایک مشتبہ شخص نذیر احمد گنائی ولد عبدالعزیز گنائی ساکن گنائی محلہ نانر کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی اور مسلسل پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزم نے اپنے بیان میں ایک خفیہ ٹھکانے کی موجودگی کا انکشاف کیا۔ اس کی نشاندہی پر اس کے ہی زیرِ استعمال باغات میں قائم ایک زیرِ زمین ہائیڈ آوٹ برآمد ہوا، جسے بعد ازاں ماہر ٹیموں نے تباہ کیا۔ٹھکانے سے دو ہینڈ گرینیڈ، ایک ڈیٹونیٹر اور بارودی مواد برآمد کر کے تحویل میں لیا گیا، جنہیں مزید تکنیکی جانچ کے لیے فارنسک ماہرین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ کارروائی کی نگرانی ایک مجاز ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ایک سرگرم ملی ٹینٹ معاون کے طور پر کام کر رہا تھا اور طویل عرصے سے جیشِ محمد کے ملی ٹینٹوں کو لاجسٹک سپورٹ، رہائش اور اسلحہ و گولہ بارود کی ترسیل میں مدد فراہم کرتا رہا ہے۔ اس کے روابط خاص طور پر ترال اور اونتی پورہ کے سرگرم ملی ٹینٹوں کے ساتھ پائے گئے۔پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 257/2025 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔پولیس نے کہا کہ وہ ضلع میں دہشت گردی کے پورے ماحولیاتی نظام کو جڑ سے ختم کرنے اور امن و امان کی فضا مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔