واشنگٹن//ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے یوروپ کیلئے کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے یورپ کے ڈائریکٹر ہینس کلوگ کے مطابق رواں سال کے پہلے ہفتے میں یوروپ بھر میں 70 لاکھ سے زائد اومیکرون کے کیسز رپورٹ ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ یوروپ میں دو ہفتوں میں کورونا کیسز کی تعداد دو گنا بڑھی ہے ، تازہ اعدادو شمار کے مطابق اومیکرون تیزی سے پھیلنے والی قسم ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کے داخلہ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ یوروپ کی 50 فیصد سے زائد آبادی کے اگلے 6 سے 8 ہفتوں میں اومیکرون سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 31 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہوگئی جبکہ کورونا سے اموات کی تعداد 55 لاکھ12ہزار سے زائد ہوگئیں۔ د نیا بھر میں کوروناوائرس کے 26کروڑ6لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ادھر آسٹریلیا میں اس وقت کورونا انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد گزشتہ 15 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہے ۔آسٹریلیا میں بدھ کے روز اس وبا کے انفیکشن سے 42 افراد ہلاک ہو ئے ۔ جن میں سے ملک کی دو بڑی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ میں 21-21 اموات ہوئی ہیں۔ڈیلی میل آسٹریلیا کے مطابق اس سے قبل 4 ستمبر 2020 کو وکٹوریہ میں کورونا انفیکشن کے باعث 59 افراد ہلاک ہوئے تھے جو کہ ایک دن میں سب سے زیادہ اموات تھیں۔ ملک میں ہلاکتوں کی یہ تعداد اس وبا کے آغاز کے بعد سے دوسری سب سے زیادہ تعداد ہے ۔محکمہ صحت کے مطابق آج ملک میں کورونا انفیکشن کے 100000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ نے منگل کی رات کہا کہ ملک میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں داخل 342 متاثرہ مریضوں سمیت 3869 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔کووڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان، وزیر صحت گریگ ہنٹ نے کہا کہ آسٹریلیا میں منگل کو 327415 اہل آبادی کو کورونا ویکسین دی گئیں اور 92.24 فیصد اہل آبادی کو کورونا کے دونوں ٹیکے لگ چکے ہیں۔ گزشتہ روز 242629 افراد کو بوسٹر خوراک دی گئی۔ اب تک 41 لاکھ آسٹریلیائی شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے ۔ادھرامریکا میں 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے ساڑھے 13 لاکھ نئے کیس سامنے آگئے۔ اعداد و شمار کے مطابق یہ دنیا کے کسی بھی ملک کے لیے روزانہ کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ فجی میں بھی کورونا سے 17 افراد ہلاک ہوگئے۔