محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں اوقاف ایڈمنسٹریٹر الحاج انجینئر محمد رفیق چشتی کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگنڈے کے خلاف عوامی حلقوں، سول سوسائٹی اور معززین شہر نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے مشترکہ طور پر کہا کہ یہ مہم ایک دیانتدار افسر کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔سماجی کارکنوں اور شہری نمائندوں کا کہنا ہے کہ محمد رفیق چشتی اپنی دیانت، شرافت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے حوالے سے ایک اچھی شہرت رکھتے ہیں۔
ان کے خلاف لگائے گئے الزامات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ معاشرتی اقدار کے بھی خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر کو ذاتی یا سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنانا ایک خطرناک رجحان ہے، جس کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔معززین شہر نے ضلع انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے والے عناصر کی فوری نشاندہی کر کے ان کے خلاف سائبر قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کردار کشی اور عزتِ نفس کو مجروح کرنے کی کوششوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے، اور اس حوالے سے ایک مثال قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سول سوسائٹی کے اراکین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ الحاج محمد رفیق چشتی نے اوقاف کے نظام کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، اور حالیہ مہم دراصل ان عناصر کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے جو معاشرے میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ عوام نے واضح کیا کہ وہ ایسے منفی ہتھکنڈوں کا حصہ نہیں بنیں گے اور حق و انصاف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انتظامیہ سے یہ بھی اپیل کی گئی کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی اور امن و امان کو نقصان نہ پہنچے۔