سری نگر // مومن آباد اننت ناگ میں ایک خاتون نے سسرال میں مبینہ طور خودکشی کی جس کے بعد اس کے مائیکے والوں نے مشتعل ہوکر سسرالیوں کے مکان کو آگ لگادی جبکہ پولیس نے متوفی خاتون کے شوہر اور دوبہنوں اوربھائی کوبھی حراست میں لیاہے جنہوں نے مبینہ طور اس کے سسرال کو آگ لگادی۔معلوم ہوا ہے کہ ژھلن کولگام کی32برس کی نفیسہ جان کی شادی مومن آباد اننت ناگ کے عاطف حسین مسگر کے ساتھ چار برس قبل ہوئی تھی اور اس دوران ان کے ہاں کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا۔بتایا جاتا ہے کہ نفیسہ جان کو سسرال میں بچہ نہ ہونے پرمبینہ طور تنگ طلب کیا جارہاتھا اور سنیچروار کو اُس نے سسرال میں ہی خود کو پھانسی پر لٹکایا۔اس واقعہ کی خبر جونہی اس خاتون کے مائیکے والوں کو ہوئی تو وہ مومن آباد پہنچ گئے اور انہوں نے مشتعل ہوکر سسرالیوں کے مکان کو آگ لگادی۔بتایا جاتا ہے کہ وہ چلا رہے تھے کہ ان کی بیٹی کو سسرال میں بچہ نہ ہونے پر تنگ طلب کیا جارہا تھا اور اسی وجہ سے وہ خودکشی کرنے پرمجبور ہوئی۔اس موقعہ پر علاقے میں افراتفری مچ گئی۔پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر فائر برگیڈ کو طلب کیا جنہوں نے آگ کوبجھایا لیکن تب تک مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہواتھا۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں متوفی خاتون کے شوہر کو گرفتار کیاگیا جبکہ اُس کی دوبہنوں اور بھائی کوبھی سسرالیوں کے مکان کو نذر آتش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔پولیس نے کیس رجسٹر کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔