ڈوڈہ //وادی چناب کی سب سے قدیم مذہبی تنظیم انجمن اسلامیہ بھدرواہ نے کوؤڈ 19 کے بحران کے دوران پیدا صورتحال میں انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون دینے و مدرسہ اسلامیہ کی عمارت بطور قرنطینہ مرکز استعمال کرنے کی پیشکش کی ہے۔ بھدرواہ میں صدر انجمن اسلامیہ پرویز احمد شیخ نے دیگر اراکین کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انجمن اسلامیہ پچھلے ایک صدی سے سماجی، مذہبی و عوامی خدمات انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں گذشتہ سال انجمن نے کوؤڈ کے چلتے ساڑھے تین لاکھ کا راشن مستحق و مزدور طبقہ میں تقسیم کیا تھا وہیں ماہ رمضان میں بھی ڈھائی لاکھ روپے ناداروں و مفلوک الحال لوگوں میں تقسیم کئے۔ صدر نے کہا کہ انجمن بناء کسی تشہیر کے اندرونی و ظاہری طور پر کام کر رہی ہے تاہم کورونا وائرس کی دوسری لہر سے پیدا صورتحال کے دوران یہ مناسب سمجھا کہ میڈیا کے ذریعے عوام کو انجمن کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ انجمن اسلامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مدرسہ کی عمارت کو قرنطینہ مرکز کے لئے استعمال کیا جاسکے اور انتظامیہ بروقت ضرورت اس کو استعمال کر سکتی ہے۔صدر انجمن اسلامیہ نے مزید کہا کہ آکسیجن کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے 4 کنسنٹریٹر و نوجوانوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے ایمبولینس سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو سماج کے ہر فرد بشر کے لئے بروقت ضرورت مفت استعمال میں لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمبولینس و کنسنٹریٹر کی خریداری کا آڈر دیا گیا ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ اس مہلک وباء سے پورے خطہ کو محفوظ بنایا جاسکے۔