جموں//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی صدارت میں منعقدہ انتظامی کونسل کی میٹنگ میں جموںوکشمیر میں صنعتی فروغ کے لئے جے اینڈ کے ٹوراِزم پالیسی 2020ء، جے اینڈ کے کیپٹیو پاور ،ہائیڈوپاور اور قابل تجدید توانائی پالیسی 2020 ء اور جے اینڈ کے آیوش کیئر انوسٹمنٹ پالیسی 2020ء کو عمل میں لانے کو منظوری دی گئی۔اِنتظامی کونسل کا یہ فیصلہ سرمایہ کاروں کے عالمی سمٹ کے تناظر میں لیا گیا ہے۔سرمایہ کاروں اور تجارتی اداروں کے تعلق سے جموں وکشمیر کی حکومت نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔جن 14مخصوص سیکٹروں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے اُن میں سے ایم ایس ایم ای کے تحت 13سیکٹروں کے منصوبے تیار کئے جارہے ہیں۔اِن سیکٹورل منصوبوں کی وجہ سے جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور صنعتی سیکٹر کی ترقی یقینی بنے گی۔جموںوکشمیر ٹورازم پالیسی 2020ء کا مقصد جموںوکشمیر کو ہر موسم کے لئے سیاحوں کی دلچسپی کا مقام بنانا ہے۔یہ کام 2025ء تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور ا س سے روزگار کے وسائل پیدا ہوں گے ۔ پالیسی کے تحت 4000 اَفراد کو سیاحوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔جموںوکشمیر کیپٹیو پاور پالیسی 2020 ء کو عملانے سے کیپٹیو پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری یقینی بنے گی ۔ اس فیصلے سے نہ صرف صنعت کاروں کو فائدہ ہوگا بلکہ پاور سیکٹر بھی مستفید ہوگا۔اِس فیصلے سے صنعت کاروں کو دِن رات بجلی کی سپلائی کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔جموں اینڈ کشمیر پن بجلی و قابل تجدید توانائی پالیسی 2020ء کو عملانے سے ماحول دوست بجلی پیدا کی جاسکے گی اور جموںوکشمیر کے لوگوں کو بجلی کی فراہمی کے تعلق سے کافی فائدہ ہوگا۔جموںوکشمیر آیوش کیئر انوسمنٹ پالیسی 2020ء کا مقصد جموںوکشمیر کے لوگوں کو آیوش کے تحت بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔اس پالیسی کے تحت جموںوکشمیر کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر طبی خدمات فراہم کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔اس سے قبل انتظامی کونسل نے اپنی پچھلی میٹنگ میںوول پروسسنگ ، ہینڈ لوم / ہینڈی کرافٹس ، فارما سیوٹیکلز ، تعلیم او رپولٹری شعبوں کے لئے سیکٹورل منصوبوں کومنظوری دی تھی۔
ایس ایم وی ڈی ایس بی کی 66ویں میٹنگ
لیفٹیننٹ گورنر کاصحت و صفائی کے اقدامات اُٹھانے پر زور
جموں//لیفٹنٹ گورنر گریش چندر مرمو جو شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ،نے یہاں راج بھون میں شری ماتا ویشنو ی دیوی شرائین بورڈ کی 66ویں میٹنگ کی صدارت کی۔ایچ ایچ سری سری روی شنکر ( جنہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی)، ڈاکٹر اشوک بھان ، جسٹس (ر) پرمود کوہلی اور میجر جنرل ( ر) شو کمار شرما ، کے کے شرما، تمام بورڈ ممبران ، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامینم ، صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو،شرائین بورڈ کے سی ای او رومیش کماراور ایڈیشنل سی ای او وویک ورما نے میٹنگ میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بورڈ کے ممبران کا خیر مقدم کرتے ہوئے یاتریوں کے لئے اعلیٰ درجے کی سہولیات معرض وجود میں لانے میں بورڈ ممبران کی کوششوں کی سراہنا کی۔میٹنگ کے آغاز میں ماتا ویشنو دیوی آنے والے یاتریوں کی کورونا وائرس سے بچانے کے سلسلے میں بور ڈ کی طرف سے اٹھائے جارہے احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ کٹرا سے بھون تک دو زبانوں میں ہوڈنگوں کو نصب کرنے ، یاتریوں میں پمفلٹوں کی تقسیم ،کثیر المقاصد آڈیو نظام کے ذریعے شرائین کے علاقے میں یاتریوں کی اطلاع کے لئے ایڈ وائرزیز کے اعلانات ، یاترا رجسٹریشن کائونٹروں پر ایس ڈی فارموں کی دستیابی و دیگر معاملات پر اطمینان کا اظہار کیا۔چوں کہ 18 مارچ 2020ء سے یاترا کا عمل معطل کیا گیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے معمول کے طور پر پوجا ، آرتی و دیگر رسوم عمل میں لانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کٹرا اور پوری ٹریک پر بڑے پیمانے پر صحت و صفائی کی مہم جاری رکھنے پر زور دیا۔میٹنگ کے دوران بورڈ کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں اور دیگر مکمل کئے گئے پروجیکٹوں کے بارے میں بھی غور و خوض کیا گیا۔بورڈ نے ایس ایم وی ڈی نارائنا سپر سپیشلٹی ہسپتال ککریال کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔اس سے قبل رومیشن کمار نے شرائین بورڈ کے مختلف پہلوئوں او رسرگرمیوں پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔