انتظامیہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پُر عزم | بارہمولہ میں ہائی ٹیک پولی گرین ہائوس کااِفتتاح

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے ضلع بارہمولہ میں زراعت کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایگری کلچر ایکسٹینشن آفس میں اسپریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کے تحت ہنی پروسسنگ کم بوٹلنگ پلانٹ او رہائی ٹیک پولی گرین ہائوس کا اِفتتاح کیا ۔ضلع میں پروسسنگ اینڈ بوٹلنگ پلانٹ 11.19 لاکھ روپے کی لاگت کی رقم سے سیٹ اَپ اَپنی نوعیت کا پہلا پلانٹ ہے اور یومیہ بنیاد پر شہد کی پروسس اور فلٹر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

اس موقع پر ڈاکٹر سحرش اَصغر نے کہا کہ یہ پلانٹ کسانوں کو بغیر منافع کی بنیاد پر خدمات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں مگس پالن کی ایک بڑی تعداد ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پلانٹ اَب کسانوں کو اَپنے شہد کو قابل فروخت مصنوعات کے طور پر فروخت کرنے اور ان کی آمدنی میں اِضافہ کرنے کے قابل بنائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اِنتہائی ضروری پلانٹ شہد کی پروسسنگ ، فلٹرنگ او ربوٹلنگ میں مددد کرے گا جس سے اِس کی بڑی حد تک فروخت ہوگی۔اُنہوں نے ورمل ہنی برانڈ کو لانچ کرنے کے بعد کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ اِس برانڈ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اِسی طرح کے منافع پر مبنی اقدامات دوسرے علاقوں میں بھی کئے جائیں گے تاکہ یہ پلانٹ کسانوں کے لئے اَپنی مصنوعات کو بڑے پیمانے پر مارکیٹ کرنے کے لئے بہت سے راہیں ہموار ہوں گی۔بعد اَزاں ، ضلع ترقیاتی کمشنر نے ساتویں ہائی ٹیک پولی گرین ہائوس کا اِفتتاح کیا جس کی تخمینہ لاگت 5لاکھ روپے ہے۔انہوں نے پولی ہائوس کا اِفتتاح کرنے کے بعد ہائی ٹیک پولی ہائوسز کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ویجی ٹیبل میں پوٹینشل کو تلاش کرنے کے لئے ہائی ٹیک پولی گرین ہائوسز نمایاں کردار اَدا کریں گے۔

ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ محکمہ زراعت نے ضلع میں ہائی ٹیک پولی گرین ہائوسز قائم کئے ہیں تاکہ کسان طبقے کو مختلف سبزیوں کی فصلوں کے پودوں کی سال بھر دستیابی کویقینی بنایا جاسکے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے مربوط کا شت کاری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کسانوں سے کہا کہ وہ اَپنے زرعی کاموں کو متنوع بنائیں۔