بلال فرقانی
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے پیر کو کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر میں پریشانی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن سیکورٹی فورسز انکے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بخشی سٹیڈیم میں اپنے یوم جمہوریہ کے خطاب میں چودھری نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران جموں و کشمیر کو نقصان اٹھانا پڑا تھا، لیکن مرکز کے زیر انتظام علاقہ اب ٹھیک ہو گیا ہے اور دوبارہ سیاحوں کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔چودھری نے کہا، “آج، میں پہلگام ملی ٹینٹ حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ملک کے مختلف حصوں سے سیاح یہاں آئے تھے، پاکستان دہشت پھیلا کر ہماری سیاحتی صنعت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہماری سیکورٹی فورسز انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔”ڈپٹی چیف منسٹر نے ملی ٹینسی سے نمٹنے میں سیکورٹی فورسز کے کردار کی تعریف کی لیکن کہا کہ ان کا کام ابھی تک نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینسی کا مقابلہ کرنے میں بہت اچھا کام کیا لیکن پولیس کا کام ابھی ختم نہیں ہوا ، انہیں منشیات کی لعنت سے لڑنا ہے اور نوجوانوں کو منشیات سے بچانا ہے۔چودھری نے گزشتہ 15 مہینوں میں چیف منسٹر عمر عبداللہ کی زیرقیادت منتخب حکومت کی طرف سے کئے گئے مختلف ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے، لیکن کچھ رکاوٹیں بھی تھیں۔انہوں نے مزید کہا، ہمیں امید ہے کہ مرکز جموں و کشمیر کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کافی مالی امداد فراہم کرے گا۔قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر نے لال چوک علاقہ کے پرتاپ پارک میں بلیدھن ستمب میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والا سال جموں و کشمیر کے لئے سیاحت کے لحاظ سے اچھا رہے گا، جسے انہوں نے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔ریاست کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے پر، چودھری نے کہا کہ یہ وزیر اعظم اور ملک کے وزیر داخلہ کی طرف سے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے سامنے ایک وعدہ تھا کہ جموں و کشمیر کو جلد ہی ریاست کا درجہ مل جائے گا۔