جموں// لیفٹنٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ نتیشور کمار نے راج بھون میں بورڈ کے افسران کی میٹنگ طلب کر کے شری امر ناتھ جی یاترا 2021 کیلئے کی جا رہی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ ایڈیشنل سی ای او ایس اے ایس بی نے میٹنگ میں یاتریوں کیلئے دستیاب کیمپ وار سہولیات اور اُن سہولیات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں سی ای او کو تفصیل دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پہلگام میں مختلف کاموں کیلئے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیںجبکہ بال تل کے کاموں کیلئے ٹینڈر طلب کرنے کا عمل جاری ہے ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ محکمہ تعمیراتِ عامہ کی جانب سے بال تل میں راستوں کو کھولنے کے بعد کام شروع کئے جائیں گے جبکہ پہلگام میں یہ راستہ پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو کھولنا ہے ۔ دورانِ میٹنگ مزید بتایا گیا کہ پائین گپھا اور براری مرگ کیمپ تک یاتریوں کو لے جانے کی سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور پالکی و گھوڑے والوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے پری پیڈ نظام متعارف کیا جا رہا ہے ۔ یاتریوں کی نگرانی اور ٹریکنگ ریڈیو فرکیونسی کی بنیاد پر کی جائے گی ۔ یاتریوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کیلئے رجسٹریشن کے انتظامات بھی جاری ہیں جبکہ ہیلی کاپٹر سروس کے انتظامات اور یاترا علاقے میں لنگروں کی تنصیب سے متعلق بھی میٹنگ کو جانکاری دی گئی ۔ سی ای او نے افسروں کو یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹینڈر طلب کرنے کا عمل فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے افسروں کو یاترا علاقے میں بیٹری سے چلنے والی موٹر گاڑیوں کو متعارف کرنے کے امکانات کو تلاش کرنے کیلئے کہا ۔