جموں//ہند۔فلسطین فرینڈشپ سوسائٹی کے ایکزکیوٹیو اراکین اور نیشنل پنتھرس پارٹی ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی یہاں نئی دہلی میں امریکہ کے خلاف جارحانہ پیغام کے ساتھ ایک ایمرجنسی میٹنگ ہوئی جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وقت وقت پر مقدس یروشلم میں آبادیاتی ساخت قائم رکھنے کی ہدایات والی قراردادکی خلاف ورزی کررہا ہے۔ہند ۔فلسطین فرینڈشپ سوسائٹی کے ایکزیکیوٹیو چیرمین ، ہندستانی سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے پرانے ساتھی پروفیسر بھیم سنگھ نے اس ہنگامی میٹنگ کی صدارت کی جس میں کئی وکلا، سیاسی اور سماجی کارکن شامل ہوئے اور اسرائیل کے اشتعال انگیز اور فلسطین مخالف فیصلہ سے پیدا ہوئے حالات کا جائزہ لیا گیا۔ خیال رہے کہ یروشلم کے مقدس درجہ کے تعین کے لئے پرامن بات چیت کی حمایت کرنے والی سلامتی کونسل کے ذریعہ منظور کردہ قراردادوں کی روح کے خلاف امریکہ نے یروشلم میں اپناسفارتخانہ قائم کرنے کے فیصلہ کیا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے دنیا کے تمام ترقی پسند، امن سے محبت کرنے والے اور سیکولر لوگوں سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو تھوڑی عقل دینے کی اپیل کی جس سے انہیں عالمی امن کے ساتھ کھلواڑ کرنے سے روکا جاسکے۔ان کا یہ قدم ناپسندیدہ، اقوام متحدہ کی قرارداد وں اور امن قائم رکھنے کے جذبہ کے خلاف ہے ۔ ان کے اس قدم کی یہودیوں کی اکثریت حمایت نہیں کرتی جو ماضی اور حال کی تاریخ کو امریکی صدر سے زیادہ سمجھتی ہے۔