دوحہ: افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان مفتی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوجی انخلا کے بعد اپنے مذاکرات کے دوران افغان حکومت کو ’غیر مستحکم‘ کرنے سے باز رہے۔مانیٹرنگ کے مطابق قطری دارالحکومت میں بات چیت کے بعد امیر خان مفتی نے افغان سرکاری نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ہم نے انہیں واضح طور پر بتایا کہ افغانستان میں حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کسی کے لیے بھی اچھی نہیں ہے۔امیر خان مفتی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات سب کے لیے بہتر ہیں، افغانستان میں موجودہ حکومت کو کمزور کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا جانا چاہیے جو لوگوں کے لیے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔افغان وزیر خارجہ کا بیان امریکی محکمہ خارجہ کے نائب خصوصی نمائندہ ٹام ویسٹ اور یو ایس ایڈ کی اعلیٰ انسانی اہلکار سارہ چارلس کی سربراہی میں ایک امریکی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے موقع پر آیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کووڈ 19 کے خلاف افغانوں کو ویکسین دینے میں بھی مدد کرے گا۔امریکا کی جانب سے امیر خان مفتی کے بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔