محمد تسکین
بانہال//ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح سے مطلع ابر آلود رہا جبکہ دوپہر کے وقت بانہال کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، جو کچھ دیر بعد تھم گئی۔ گزشتہ کئی روز سے دھوپ، ابر آلود موسم اور وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارشوں کے باعث موسم خوشگوار بنا ہوا ہے۔اس دوران جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہی اور شری امرناتھ یاترا کے پیش نظر نافذ ٹریفک پابندیوں پر عملدرآمد بھی جاری ہے۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دونوں اطراف سے چلنے کی اجازت ہے، جبکہ مال بردار ٹرکوں کو یکطرفہ ٹریفک کے تحت جموں سے سرینگر جانے کی اجازت تھی۔ حکام نے بتایا کہ شری امرناتھ یاترا کے دوران ٹریفک کے لیے کٹ آف ٹائمنگ نافذ ہے اور یاتریوں ، سیاحوں اور عام لوگوں کو اس پر عمل کرنے کی درخواست ہے ۔ ایڈوائزری کے مطابق قاضی گنڈ سے جموں جانے والی مسافر گاڑیوں کو روزانہ صبح 11:30 بجے کے بعد ہی روانگی کی اجازت ہوگی، جبکہ جموں سے سرینگر جانے والی مسافر گاڑیوں کو نگروٹہ صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے اور ادھم مپور صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے کے درمیان عبور کرنا ہوگا۔اسی طرح شری امرناتھ یاترا اور سیاحتی مقامات کی جانب جانے والی گاڑیوں کے لیے چندرکوٹ دوپہر 2 بجے اور بانہال-قاضی گنڈ ٹنل سہ پہر 3 بجے تک عبور کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے بعد یاتریوں یا سیاحوں کو لے جانے والی کسی بھی گاڑی کو کشمیر کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی البتہ ریاست جموں و کشمیر کی مقامی گاڑیوں کو رات ساڑھے گیارہ بجے تک چلنے کی اجازت ہوگی اور اس کیلئے پولیس اور دیگر حکام ان کے شناختی کارڈ چیک کرتے ہیں ۔حکام کے مطابق یہ تمام پابندیاں شری امرناتھ یاترا کے دوران سکیورٹی انتظامات کا حصہ ہیں اور ان پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور مسافروں ، سیاحوں اور یاترا قافلے سے کے بعد آنے والے یاتریوں کو ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کرنا چاہئے اور اسی کے مطابق اپنا سفری منصوبہ ترتیب دیا جانا چاہئے۔